کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سی آئی ڈی تھانے میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی عبدالقدوس کو بازیاب کر لیا ہے اور ایس پی، 2 ڈی ایس پیز سمیت پانچ اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوجک روڈ پر سی آئی ڈی کے تھانے میں چھاپہ مارا اور دالبندین سے اغواء ہونے والے عبد القدوس بازیاب کرتے ہوئے تاوان کی رقم بھی برآمد کر لی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس پی سی آئی ڈی طارق منظور سمیت دو ڈی ایس پیز اور پانچ اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے جن میں دو ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔ بلوچستان کے سیکرٹری داخلہ نے کہا ہے کہ وہ واقعے سے متعلق معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔ سی سی پی او کوئٹہ نے کہا ہے کہ انہیں واقعے سے متعلق علم ہے اور اس ضمن میں وہ ڈی آئی جی سی آئی ڈی سے رابط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔